پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز سے کروا دیتی ہے، حافظ نعیم الرحمان
15 Nov 2024 23:29
کراچی بلدیاتی ضمنی انتخابات سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں اور یہ محض اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔ کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی جس سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی اتر چکی ہے، اس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ اس کا چراغ بجھنے والا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں اور یہ محض اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے عوام کا شکریہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو سلام جو اس وقت بھی عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے سڑکوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوال ان قوتوں سے ہے جنہیں جماعت اسلامی کی امانت، حب الوطنی اور وطن کیلئے قربانیاں اچھی نہیں لگتیں، انہیں کچے اور پکے کے ڈاکو، کرپٹ مافیا، کرپشن اور قبضے کا نظام پسند ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کو انہوں نے پورے ملک بالخصوص سندھ کے عوام پر مسلط کیا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1172798