سجاول میں گیس کی بڑی دریافت ہوئی ہے، ناصر حسین شاہ
15 Nov 2024 23:24
صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے سندھ اور خاص طور پر سجاول کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ گیس کی دریافت ملک کے توانائی کے وسائل کو تقویت دینے میں ایک قدم آگے بڑھاتی ہے، امید کرتا ہوں بلاک میں مزید کھوج اور ترقیاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر توانائی، منصوبہ بندی اور ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ضلع سجاول کے علاقے شاہ بندر میں گیس اور کنڈینسیٹ کی بڑی دریافت ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ایس ای ایچ سی ایل) ہماری جوائنٹ وینچر پارٹنر ہے اور شاہ بندر بلاک میں 2.5 فیصد پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) 63 فیصد اکثریتی شراکت کے ساتھ آپریٹر کے طور پر کام کرتا ہے، ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کے پاس بالترتیب 32 فیصد اور 2.5 فیصد ورکنگ ہے۔ ناصرحیسن شاہ کا کہنا تھا کہ پتیجی-6 کنویں کو 11 اکتوبر 2024ء کو کھودا گیا تھا، کنویں کو لوئر گورو فارمیشن میں بالائی ریت کے ہائیڈرو کاربن کیلئے دو ہزار 475 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کنویں کی ریسرچ کے بعد کھدائی ہماری امید پر پوری اتری ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق یومیہ 11.7 ملین مکعب فٹ گیس اور 198 بیرل یومیہ (بی پی ڈی) کنڈینسیٹ نکل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس آئی 2578 کے ویل ہیڈ فلونگ پریشر (ڈبلیو ایچ ایف پی) کے تحت نتائج حاصل کئے گئے ہیں اور کنویں کی دریافت سندھ کے شاہ بندر بلاک کی ہائیڈرو کاربن صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے سندھ اور خاص طور پر سجاول کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ گیس کی دریافت ملک کے توانائی کے وسائل کو تقویت دینے میں ایک قدم آگے بڑھاتی ہے، امید کرتا ہوں بلاک میں مزید کھوج اور ترقیاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
خبر کا کوڈ: 1172796