حیدرآباد میں "عدل و قسط" کے عنوان کے تحت جماعت اسلامی ہند کا اجتماع
15 Nov 2024 20:22
پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے اجتماع کے پروگرام کنوینر اور جماعت کے نائب امیر ایس امین الحسن نے بتایا کہ اس اجتماع کا مرکزی موضوع "عدل و قسط" ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے 15 تا 17 نومبر 2024ء شہر حیدرآباد میں کُل ہند اجتماع ارکان کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ یہ سہ روزہ اجتماع وادی ہدیٰ گراؤنڈ، پہاڑی شریف میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجتماع میں تقریباً 15 سے 20 ہزار اراکین جماعت اور ایک ہزار سے زائد افراد خانہ کی شرکت متوقع ہے۔ معیاری نظم و نسق اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے 1500 سے زیادہ رضاکاران پر مشتمل ٹیم مسلسل خدمات پر مامور رہے گی۔ ناظم اجتماع عبد الجبار صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند وطن عزیز میں گزشتہ 75 سال سے زائد عرصے سے الٰہی ہدایات کی روشنی میں ملک و ملت کی تعمیر و ترقی اور عدل و قسط کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے۔ جماعت اپنی تاسیس کے بعد ہی سے وابستگان جماعت اور عوام الناس کی تربیت و ذہن سازی کے لئے وقتاً فوقتاً مختلف سطحوں کے اجتماعات منعقد کرتی رہی ہے۔
جماعت اسلامی ہند کا آخری کُل ہند اجتماع ارکان 2015ء میں مرحوم مولانا سید جلال الدین عمری کی قیادت میں حیدرآباد میں منعقد ہوا تھا۔ امسال منعقد ہونے والا اجتماع امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی کے زیر سرپرستی ہوگا۔ پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے اجتماع کے پروگرام کنوینر اور جماعت کے نائب امیر ایس امین الحسن نے بتایا کہ اس اجتماع کا مرکزی موضوع "عدل و قسط" ہے۔ اجتماع میں مختلف علمی، فکری، نظریاتی نیز اخلاقی، روحانی، تعلیمی، سماجی اور سیاسی موضوعات پر گفتگو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک و ملت کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عدل و قسط کے قیام کی جدوجہد کے مطلوبہ لائحہ عمل پر وابستگان جماعت کی رہنمائی کی جائے گی اور ہمیں قوی امید ہے کہ اس اجتماع سے وابستگان میں تحریکی مقاصد سے وابستگی، حمیت، نیز قیام عدل کے لئے محنت، جذبہ ایثار، باہمی محبت و احترام، فکری ہم آہنگی اور تحریکی شعور میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ: 1172755