دہشتگردوں کے ایک گروہ کا دوسرے پر خودکش حملہ، 5 ہلاک، متعدد شہری بھی جاں بحق
15 Nov 2024 14:52
اطلاعات ہیں کہ حملے میں دو خواتین جاں بحق ہوئی ہیں، تین بچوں سمیت چار افراد پر گھر کی چھت گرگئی جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں طالبان کے دھڑے نور ولی گروپ کے حافظ گل بہادر گروپ کے میران شاہ مرکز پر خودکش حملے میں جیش عمری گروپ کے پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے، حملے میں خواتین و بچوں سمیت کئی شہریوں کی شہادتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کے اندرونی اختلافات میں شدت سامنے آ گئی ہے، 13 اور 14 نومبر 2024ء کی رات شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے گاؤں تپی کی ایک مسجد میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں قریبی مکانات منہدم ہوگئے، دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق جبکہ جیش عمری گروپ کے 5 اہم دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات ہیں کہ حملے میں دو خواتین جاں بحق ہوئی ہیں، تین بچوں سمیت چار افراد پر گھر کی چھت گرگئی جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوارج اور حافظ گل بہادر گروپ کے درمیان دشمنی اور تنازع شدت اختیار کر گیا، کل رات ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے تپی میں خارجی نور ولی گروپ کی طرف سے حافظ گل بہادر گروپ کے مرکز پرخود کش حملہ کیا گیا، آج صبح حکیم خیل گاؤں میں خارجی گل بہادر گروپ نے خارجی نور ولی محسود کے اہم کمانڈر ظفرالدین عرف مخلص کو جہنم واصل کردیا۔
خبر کا کوڈ: 1172711