مودی حکومت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، بیرسٹر سلطان
15 Nov 2024 10:20
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کو بھارتی اور اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ظلم و بربریت کا دور دورہ ہے تحریک آزادی کشمیر اپنے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آس و امید ہمارے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں وکلا برادری نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019ء کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں تیزی سے اضافہ کیا ہے۔ مودی حکومت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کے وہ اپنے ظلم و جبر سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتا۔
انھوں نے کہا انشاء اللہ تحریک آزادی کشمیر جلد جموں و کشمیر کی آزادی کی صورت میں پایہ تکمیل کو پہنچے گی ہم کشمیر کی مکمل آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کو بھارتی اور اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے وکلا سمیت پورے آزاد کشمیر کے وکلا سے کہا کہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے سوشل میڈیا کا استعمال کر کے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں وکلا اپنا کردار ادا کریں۔
آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ وکلا کا کردار معاشرے میں کلیدی نوعیت کا ہے، وکلا عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لئے مثبت کردار ادا کیا ہے کیونکہ کوئی بھی قوم آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ہے۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے صدر راجہ محمود خان ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لیے خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1172677