گستاخانہ اور فحش مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کو بلاک کرنا اچھا فیصلہ ہے، ایاز میمن
14 Nov 2024 22:02
ایک بیان میں بانی عام آدمی پاکستان نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ایسے ممالک جو خود کو سیکولر کہتے ہیں وہاں بھی ایسی ویبسائٹس پر پابندی ہے، عریانیت یا فحش پھیلانے والی ویب سائٹس کے علاوہ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کا بے لگام استعمال ایک سنگین مسئلے کی صورت اختیار کرچکا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ آل کراچی تاجرالائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے گستاخانہ اور فحش مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کو بلاک کرنا اچھا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ اور پورنوگرافی مواد کی بدستور آن لائن پلیٹ فارم پر موجودگی تشویش ناک ہے، سپریم کورٹ نے پی ٹی اے کو ایسے مواد ہٹانے کیلئے پہلے سے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ ایاز میمن موتیوالا نے کہا ہمارا اسلامی ملک ہے پی ٹی اے کو فحاشی پھیلانی والی ویب سائٹس مکمل طور پر بند کردینی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سرچ انجن گوگل کی فحش مواد یعنی پورنوگرافی جس کو دنیا میں سب سے زیادہ سرچ کیا جاتا ہے، ہمارا مذہب اور ہماری ثقافت میں اس سب کی چنداں اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا دنیا کے بہت سے ایسے ممالک جو خود کو سیکولر کہتے ہیں وہاں بھی ایسی ویبسائٹس پر پابندی ہے، عریانیت یا فحش پھیلانے والی ویب سائٹس کے علاوہ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کا بے لگام استعمال ایک سنگین مسئلے کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ ایاز میمن موتیوالا نے پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ عریانیت یا فحش پھیلانے والی ویب سائٹس کے علاوہ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے۔
خبر کا کوڈ: 1172597