کراچی، ایرانی خانہ فرہنگ میں فلسطینی و لبنانی شہداء کی یاد میں شعری کانفرنس کا انعقاد
14 Nov 2024 23:29
خانه فرہنگ ایران کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے بتایا کہ شعراء کی طرف سے ارسال کی گئیں تمام نظموں اور غزلوں کو فارسی میں ترجمہ کے ساتھ ایک شعری مجموعہ کی شکل میں بہت جلد شائع کیا جائیگا۔
اسلام ٹائمز۔ یوم اقبالؒ کے ایام کی مناسبت سے شہدائے قدس اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین، یحییٰ سنور اور فلسطین و لبنان کے دیگر ہزاروں شہداء کی یاد میں خانہ فرہنگ ایران کراچی میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شاعر مشرق علامه اقبالؒ کے پوتے آزاد اقبال، خانه فرہنگ ایران کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا، ایران سے آئے ہوئے مہمان دانشور ڈاکٹر حسین پور، ڈاکٹر عدیل خانی، معروف محقق شاعر و ادیب ڈاکٹر سید عقیل عباس جعفری، معصومہ شیرازی، ڈاکٹر جعفر عسکری جعفر، کوثر نقوی، ارتضیٰ جونپوری سمیت ممتاز شعراء، سماجی و ثقافتی شخصیات کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور اس کے بعد ایران اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔ خانه فرہنگ ایران کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے تقریب کے مہمانوں بالخصوص آزاد اقبال، ڈاکٹر حسین پور اور ڈاکٹر عدیل خانی کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ خانہ فرہنگ ایران کراچی کیلئے یہ اعزاز اور افتخار کی بات ہے کہ مشرق کے عظیم شاعر علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے پوتے آزاد اقبال اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس محفل میں کراچی کے معروف شعرا و ادباء کی بھرپور شرکت اور شعر سرائی فلسطین اور لبنان کے مجاہدین کے اہداف کو تقویت بخشے گی۔ آزاد اقبال نے کانفرنس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دینے پر خانه فرہنگ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں آج کے پُرآشوب دور میں مسلم معاشرے کو ذہنی غلامی سے نجات دینے کیلئے اقبالؒ کے پیغام اور فکر کو عام کرنے کی نہایت ضرورت ہے، جو کہ مسلمان ادیبوں اور دانشوروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان دنوں فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام بدترین ظلم و بربریت کا شکار ہیں، اب تک ہزاروں مرد و خواتین حتیٰ کہ کم سن بچوں کا بھی قتل عام کیا جا چکا ہے۔
آزاد اقبال نے کہا کہ ان حالات کے تناظر میں میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے کہا تھا کہ مغرب کی طاقتوں نے پہلے مسلمانوں کو ان کے مذہب سے دور کیا، پھر وہ ان پر غلبہ پانے میں کامیاب ہوئے، علامہ اقبالؒ نے کہا تھا کہ مسلمانوں کیلئے غلامی اور مغربی تسلط سے آزادی کا واحدحل امت کے اتحاد اور یکجہتی میں مضمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ یہ فرماتے تھے کہ اگر یہودیوں کو سرزمین فلسطین پر حکومت اور تسلط کا حق ہے تو مسلمانوں کو اسپین پر حکومت کرنے کا حق کیوں نہیں؟ ڈاکٹر حسین پور نے فلسطینی اور لبنانی شہداء کی یاد میں کانفرنس کے انعقاد پر خانہ فرہنگ ایران اور کراچی کے ممتاز شعراء کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر حسین پور نے کہا کہ میں پاکستانی شعر و ادب کی معتبر شخصیات کے درمیان اس محفل میں شرکت کو اپنے لئے ایک بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں، جو فلسطین اور لبنان کے مظلوموں کی حمایت میں یہاں ہوئی ہے۔ کانفرنس میں تیس کے قریب نامور پاکستانی شعراء نے فلسطین اور لبنان کے شہداء کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیل اور عالمی سامراج کی بھرپور مذمت کی۔ واضح رہے کہ خانه فرہنگ کے توسط سے منعقد ہونے والے شعری مقابلے میں کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، لاہور، ملتان، قم اور کینبرا آسٹریلیا سے تقریباً 120 شعراء نے حصہ لیا اور اردو، فارسی اور انگریزی زبانوں میں 174 نظم اور غزل ارسال کئے۔ خانه فرہنگ ایران کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے بتایا کہ شعراء کی طرف سے ارسال کی گئیں تمام نظموں اور غزلوں کو فارسی میں ترجمہ کے ساتھ ایک شعری مجموعہ کی شکل میں بہت جلد شائع کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ: 1172596