QR CodeQR Code

بی جے پی نے 50 کانگریسی اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی، سدارمیا

14 Nov 2024 22:42

کرناٹک کے وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کبھی بھی اپنی اصل سیاسی طاقت کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئی، بلکہ ہمیشہ "آپریشن لوٹس" جیسے حربوں سے اقتدار حاصل کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک بار پھر "آپریشن لوٹس" کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ کرناٹک کے وزیراعلٰی سدارمیا نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پارٹی نے کانگریس کے 50 اراکین اسمبلی کو 50-50 کروڑ روپے کی پیشکش کر کے ان کی وفاداریاں خریدنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کبھی بھی اپنی اصل سیاسی طاقت کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئی، بلکہ ہمیشہ ’آپریشن لوٹس‘ جیسے حربوں سے اقتدار حاصل کیا ہے۔ سدارمیا نے اپنے بیان میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اس بار کانگریس کے 50 اراکین اسمبلی کو 50-50 کروڑ روپے کی لالچ دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنا پیسہ کہاں سے آ رہا ہے، کیا یدی یورپا، بومئی اور آر. اشوک نے یہ پیسہ خود چھاپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ وہی پیسہ ہے جو ریاست کو لوٹ کر جمع کیا گیا ہے۔

سدارمیا نے بی جے پی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس اور گورنر کا بے جا استعمال کر کے بی جے پی ہمارے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کیجریوال کو نشانہ بنایا گیا، اور اب مجھے اور میری بیوی کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔ سدارمیا نے یہ بیان ٹی. نرسی پور اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر دیا۔ انہوں نے کہا "میں کوئی نیا وزیر اعلیٰ نہیں ہوں، بلکہ میں 40 سال سے عوامی خدمت کر رہا ہوں اور اس عہدے پر ہوں، میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، کیا ریاست کے لوگ اتنے بے خبر ہیں، عوام کا بھرپور اعتماد میرے ساتھ ہے اور میں بی جے پی اور مرکزی حکومت کی سازشوں کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا"۔ سدارمیا نے مزید کہا کہ بی جے پی نے کانگریس کے اراکین اسمبلی کو بھاری رقم کا لالچ دیا تھا، لیکن ہمارے لیڈران نے اسے سختی سے مسترد کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 1172583

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172583/بی-جے-پی-نے-50-کانگریسی-اراکین-اسمبلی-کو-کروڑ-روپے-کی-پیشکش-سدارمیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com