QR CodeQR Code

کشمیر میں بچوں کو یتیم اور خواتین کو بیوہ کرنے کے واقعات عام ہوچکے ہیں، محبوبہ مفتی

14 Nov 2024 18:50

محبوبہ مفتی نے خطے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اسکی بنیادی وجوہات کو حل کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے سرینگر کے سنڈے مارکیٹ میں ہونے والے حالیہ گرینیڈ حملے کی شدید مذمت کی، جس میں سنبل بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی تین بچوں کی ماں عابدہ کی جان چلی گئی۔ سرینگر کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا "میں سنبل میں عابدہ کے گھر گئی، وہ تین چھوٹے بچوں کی ماں تھی اور ان کا بے وقت انتقال انتہائی افسوسناک ہے"۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 برسوں سے ہم اسی طرح کے واقعات دیکھ رہے ہیں، بچوں کو یتیم اور خواتین کو بیوہ کرنے کے واقعات بہت عام ہو چکے ہیں اور میں اس وحشیانہ حملے کی واضح طور پر مذمت کرتی ہوں۔

محبوبہ مفتی نے خطے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس کی بنیادی وجوہات کو حل کرے۔ انہوں نے حکومت کے قیام کے بعد سے عسکریت پسندی کی مسلسل نمو اور حملوں میں اضافے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا ذمہ دار کون ہے، جو کچھ ہو رہا ہے وہ واقعی افسوسناک ہے۔ انہوں نے معاملے کی مکمل حکومتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے المناک واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لئے وادی میں صورتحال کا جامع جائزہ لینے کی ضرورت پر مزید زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو اس بات کا تعین کرنا چاہیئے کہ یہ واقعات سیکورٹی کی خامیوں یا دیگر بنیادی مسائل کی وجہ سے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1172569

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172569/کشمیر-میں-بچوں-کو-یتیم-اور-خواتین-بیوہ-کرنے-کے-واقعات-عام-ہوچکے-ہیں-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com