عالمی دباو کے نتیجہ میں آج پاکستان میں فلسطین کے لیے آواز اٹھانا جرم بن گیا ہے، سراج الحق
13 Nov 2024 23:49
دیر لوئر میں سالانہ سٹوڈنٹس ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ فلسطین 58 اسلامی ممالک کے لیے امتحان ہے، ہم اللہ کا شکر کرتے ہیں کہ ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ معاملے پر پاکستانی حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق والا ہے، شہباز شریف اور زرداری ٹرمپ کال کی انتظار میں ہیں، عالمی دباو کے نتیجہ میں آج پاکستان میں فلسطین کے لیے آواز اٹھانا جرم بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج گل آباد دیر لوئر میں سالانہ سٹوڈنٹس ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین 58 اسلامی ممالک کے لیے امتحان ہے، ہم اللہ کا شکر کرتے ہیں کہ ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں، مسئلہ فلسطین پونے 2 ارب مسلمانوں اور 58 اسلامی ممالک کے لیے امتحان ہے، ہم دیکھتے ہیں وہ ہمارے معصوم بچوں کو جلا رہے اور ان کے ہاتھ پاوں کو کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ امت کا سرمایہ ہے، اسلامی جمعیت طلبہ طلبہ کی واحد منظم تنظیم ہے جو پاکستان کے تعلیمی اداروں میں اسلامی اقدار کی ترویج کے لیے کوشاں ہے۔ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کا قیام آج کے طالب علم کے لیے بڑا چیلنج ہے، آج کل کی سیاست میں سیاستدانوں نے ایک دوسرے پر بے بنیاد الزامات، بدتہذیبی اور گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے گل آباد کالج میں تمام طلبہ تنظیموں کو اکٹھا کرکے سیاست میں شرافت، باہمی اتحاد و بھائی چارے کے کلچر کو فروغ دیا۔ ایکسپو سے صوبائی ناظم وسیم حیدر، ناظم مقام محمد تیمور، ناظم کالجز فیاض الحق فیضی، ناظم کالج اصغرخان نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ: 1172451