QR CodeQR Code

سابق گورنر سندھ عشرت العباد کی سیاسی جماعت کا پہلا دفتر کھول دیا گیا

13 Nov 2024 18:05

سیف یار خان نے بتایا کہ عشرت العباد خان کی واپسی کے بعد پارٹی کا پہلا کنونشن نشترپارک میں منعقد کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاسی جماعت ’میری پہچان پاکستان‘ نے باضابط طور پر کراچی میں نمائش چورنگی پر اپنا پہلا دفتر کھول لیا، جہاں اہم رہنماؤں کا اجلاس ہوا اور مستقبل کے بارے میں تنظیمی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کراچی میں ‘میری پہچان پاکستان’ پلیٹ فارم نے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ عارضی طور پر رابطے کیلئے دفتر بنایا گیا ہے، تاہم عشرت العباد خان کی واپسی پر مرکزی دفتر بنایا جائے گا۔ سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان کئی ماہ سے میری پہچان پاکستان کے پلیٹ فارم سے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں پروگرام منعقد کر رہے ہیں اور وڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کر رہے ہیں۔ عشرت العباد کی سیاسی جماعت کا اب عارضی دفتر قائم کر دیا گیا ہے اور اس میں پہلی بیٹھک بھی ہوئی، جس میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے سابق رکن رابطہ کمیٹی سیف یار خان اور سابق چئیرمین مہاجر صوبہ تحریک ارشد صدیقی نے گورنر سندھ عشرت العباد خان کے ساتھ باضابط طور پر سیاسی وابستگی کا اعلان کیا۔

میری پہچان پاکستان میں شمولیت کے بعد دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے عارضی دفتر کا دورہ کیا اور وہاں موجود کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔ سیف یار خان نے اس موقع پر کہا کہ حیدرآباد میں بھی سابق گورنر سندھ کے بینرز لگانا شروع کر دیئے گئے ہیں اور سیاسی رہنماؤں اور کارکنان سے رابطے تیز کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان اگلے دو ماہ کے دران پاکستان واپس آ جائیں گے اور جس دن ان کی واپسی ہوگی، اس وقت مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی جانب سے شمولیت کا اعلان کیا جائے گا۔ سیف یار خان نے بتایا کہ عشرت العباد خان کی واپسی کے بعد پارٹی کا پہلا کنونشن نشترپارک میں منعقد کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1172398

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172398/سابق-گورنر-سندھ-عشرت-العباد-کی-سیاسی-جماعت-کا-پہلا-دفتر-کھول-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com