عمران خان نے 24 نومبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دیدی
13 Nov 2024 16:31
پی ٹی آئی لاہور کی رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہو گا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہو گا۔ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
اسلام ٹائمز۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد مارچ کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کے نام منظرِعام پر لانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی لاہور کی رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہو گا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہو گا۔ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔ پی ٹی آئی رہنما کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔ پی ٹی رہنما کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ نکلے گی۔ ساری پارٹی کو پتہ ہے کہ کس نے کیا کرنا ہے، احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا، عمران خان نے کہا ہے کہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے، تاہم نام نہیں بتائے جائیں گے، کیونکہ پھر انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے اسلام آباد آئیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1172374