QR CodeQR Code

مغربی کنارے پر بھی "اسرائیلی خودمختاری'' کی توسیع کا موقع میسر ہے، نامزد امریکی سفیر کا اعلان

13 Nov 2024 14:45

غاصب صیہونی رژیم کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد سفیر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے پر بھی اسرائیلی خودمختاری کو وسعت دینے کا موقع موجود ہے!


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر قابض غاصب صہیونی رژیم کے لئے نامزد امریکی سفیر مائیک ہکابی (Mike Huckabee) نے اعلان کیا ہے کہ میں اسرائیل کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کروں گا، اور یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے!

غاصب صیہونی رژیم کے آرمی ریڈیو کے مطابق قابض صہیونی رژیم کے لئے نئے امریکی سفیر کا اپنے اولین انٹرویو میں کہنا تھا کہ مغربی کنارے پر بھی اسرائیلی خودمختاری کو وسعت دینے کا موقع فراہم ہے! مائیک ہکابی نے مزید کہا کہ امریکہ میں کوئی ایسا صدر نہیں جس نے اسرائیل کی خودمختاری کو یقینی بنانے میں ٹرمپ سے زیادہ مدد کی ہو اور میں پیش گوئی کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ قبل ازیں انتہاپسند صیہونی وزیر خزانہ بزالل اسموٹریچ (Bezalel Smotrich) کی جانب سے بھی پیر کے روز اعلان کیا گیا تھا کہ میں نے مغربی کنارے پر بھی "اسرائیلی خودمختاری'' بڑھانے کے مقصد سے بنیاد فراہم کرنے کے لئے ضروری احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انتہاپسند صہیونی وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ 2025 میں مغربی کنارے پر اسرائیل کی خودمختاری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو تسلیم کر لے گی۔ 

علاوہ ازیں اسرائیلی ریڈیو و ٹیلیویژن کی سرکاری تنظیم بھی اعلان کر چکی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے باضابطہ طور پر امریکی صدر بن جانے کے ساتھ ہی، غاصب صیہونی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے، فلسطینی مغربی کنارے پر بھی غاصب صیہونی رژیم کی "خودمختاری کے نفاذ" کا مسئلہ اٹھا دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1172359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172359/مغربی-کنارے-پر-بھی-اسرائیلی-خودمختاری-کی-توسیع-کا-موقع-میسر-ہے-نامزد-امریکی-سفیر-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com