مودی کے مکروہ عزائم کو بھرپور انداز میں دنیا بھر میں بے نقاب کروں گا، بیرسٹر سلطان
13 Nov 2024 10:02
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے میرپور کے مقامی ہوٹل میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن OPF کے چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مودی جہاں بھی جائے گا میں اس کا وہاں پیچھا کروں گا۔ میں ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں مودی جہاں بھی جائے گا سلطان محمود اس کا پیچھا کرے گا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مودی کے مکروہ عزائم کو بھرپور انداز میں دنیا بھر میں بے نقاب کروں گا۔انشاء اللہ ایک مرتبہ پھر ہم پوری قوت سے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے اطراف و اکناف میں اجاگر کریں گے۔ اوورسیز کشمیری کمیونٹی بالخصوص میرپور کی اوورسیز کمیونٹی نے منگلا ڈیم کی صورت میں دو مرتبہ قربانی دے کر پاکستان کی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اوورسیز کمیونٹی انٹرنیشنل سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے میرپور کے مقامی ہوٹل میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن OPF کے چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آج انٹرنیشنل سطح پر اگر کشمیر کاز زندہ ہے تو اس کا کریڈٹ بھی اوورسیز کمیونٹی کو جاتا ہے۔ مجھے جب برطانیہ، امریکہ، یورپ اور دیگر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے تو میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ اس کریڈٹ کے اصل حقدار کشمیری اوورسیز ہیں گزشتہ چالیس برسوں میں عالمی سطح پر میں جہاں بھی گیا میری کال پر اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ لبیک کہا۔ میں نے اپنے دور حکومت میں آزاد کشمیر میں انڈسٹریل زون قائم کیا تھا جس سے ریاست خود کفالت کی طرف گامزن ہوئی تھی، سرمایہ کاروں کی توجہ آزاد کشمیر کی طرف مبذول ہوئی تھی بعد کی حکومتوں نے انڈسٹری کی طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے انڈسٹریل زون فعال نہ رہ سکا ہم انڈسٹریل زون کو ایک مرتبہ پھر فعال بنائیں گے بیرونی ممالک میں آباد اوورسیز کو یہاں پر سرمایہ کاری کی دعوت دیں۔ اوورسیز کمیونٹی کو یہاں پر درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
تقریب سے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن سید قمر رضا اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ کے کنوینر چوہدری ماجد اسماعیل اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر بیرسٹر کرامت حسین نے بھی خطاب کیا۔ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل کے لئے جاندار اور اور موثر انداز میں اُٹھائی اور مظلوم کشمیری قوم کی نمائندگی کی اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔
اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے اوورسیز کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ کے کنوینر چوہدری ماجد اسماعیل نے اپنے خطاب میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کشمیر ایشو کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر اُنہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جلد صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برطانیہ کا دورہ کر کے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گئے۔
خبر کا کوڈ: 1172317