آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر
13 Nov 2024 08:35
ذرائع کے مطابق لطیف اکبر نے آج مظفرآباد میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم (YPF) کے ایک وفد سے ملاقات میں نوجوان ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی قومی اسمبلی سمیت تمام پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھائیں۔
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لطیف اکبر نے آج مظفرآباد میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم (YPF) کے ایک وفد سے ملاقات میں نوجوان ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی قومی اسمبلی سمیت تمام پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھائیں۔ وائی پی ایف کی صدر اور رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی زیر قیادت وفد میں پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کے علاوہ ارکان اسمبلی عبدالقادر گیلانی، راجہ اسامہ اشفاق، کرن ڈار اور ڈاکٹر شائستہ جدون شامل تھے. چوہدری لطیف اکبر نے کشمیر کاز کے لیے مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان میں آنے والی ہر حکومت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے پاکستانی رہنمائوں کا موقف کئی دہائیوں سے یکساں رہا ہے اور وہ مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر کشمیریوں کی مسلسل وکالت کرتے رہے ہیں۔ لطیف اکبر نے کہا کہ یہ حمایت اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لیے امید اور تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے ایک کلیدی اتحادی کے طور پر خطے میں امن اور انصاف کے حصول میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ وائی پی ایف کے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
خبر کا کوڈ: 1172312