QR Code
مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں کی وسیع پروازیں
12 Nov 2024 13:56
صہیونی میڈیا کے مطابق لبنانی مزاحمتی تحریک کے خودکش ڈرون طیاروں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نصب ''پیشرفتہ ترین'' امریکی۔اسرائیلی ہوائی دفاع کو مکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے کئی منٹ تک پرواز کرنے کے بعد حيفا میں واقع اپنے اہداف کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا ہے
اسلام ٹائمز۔ غاصب اسرائیلی رژیم کے سرکاری میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں خطرے کے وسیع الارم بجنے کا اعلان کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر نصب امریکہ و اسرائیل کے ''پیشرفتہ ترین'' ہوائی دفاعی میزائل سسٹم حتی حزب اللہ لبنان کے خودکش ڈرون طیاروں کو روکنے تک میں ناکام ہو چکے ہیں۔
اس بارے صہیونی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے متعدد خودکش ڈرون طیارے نہ صرف مقبوضہ فلسطین کے پورے آسمان پر آزادانہ پرواز کرتے نظر آئے بلکہ وہ اپنے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مزاحمتی ڈرون طیاروں کو روکنے میں غاصب صیہونی رژیم کے ''پیشرفتہ ترین'' دفاعی نظاموں کی مکمل ناکامی کے بعد اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے اڑان بھری تاہم وہ بھی حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔
اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیارے کئی ایک شہروں کی فضائی حدود سے بآسانی گزر جانے کے بعد نہ صرف حیفا میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے بلکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اپنی 20 منٹ سے زائد کی پرواز کے بعد اپنے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے میں بھی کامیاب رہے۔
خبر کا کوڈ: 1172148
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com