QR CodeQR Code

پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، انجینئر امیر مقام

12 Nov 2024 09:40

سدھنوتی میں کرنل خان محمد خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہر محاذ پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، بھارت سن لے دفعہ 370 اور 35اے کی منسوخی سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق امیر مقام نے ان خیالات کا اظہار سدھنوتی میں کرنل خان محمد خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہر محاذ پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ دیدہ دلیری سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے الیکشن میں مودی کی ہندوتوا پارٹی کو مسترد کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہے ور افواج پاکستان ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے اپنی زندگی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صرف کی اور کامیاب قومیں اپنے اصلاف کے نقش قدم پر چل کر اپنی منزل کا تعین کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین پر خان صاحب کی برسی میں شریک ہونے پر مجھے فخر ہے۔

کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن شاہ غلام قادر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس خطہ میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔ آزاد کشمیر کے سابق صدر اور وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین سدھنوتی پر کرنل خان محمد خان کی برسی کی تقریب سے ہم ہندوستان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جس طرح ہمارے آبائو و اجداد نے یہ خطہ آزاد کروایا تھا ویسے ہی مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کروایں گے۔ تقریب سے ڈاکٹر نجیب نقی خان، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد، امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 


خبر کا کوڈ: 1172098

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172098/پاکستان-اور-کشمیر-لازم-ملزوم-ہیں-انجینئر-امیر-مقام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com