QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

12 Nov 2024 07:56

مظاہرین نے کشمیریوں کے مالکانہ اور سرکاری ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ نے آج جموں میں مقبوضہ علاقے کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ذرائع کے مطابق جے کے کسان تحریک کے صدر کشور کمار کی قیادت میں سی پی آئی ایم کے سینکڑوں کارکنوں نے جموں و کشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی اور مقبوضہ کشمیر سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر سے سرمائی دارالحکومت جموں منتقلی کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کشمیریوں کے مالکانہ اور سرکاری ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ بی جے پی کو جموں و کشمیر کو یونین ٹیریٹری بنانے اور دارالحکومت کی منتقلی کا سلسلہ بند کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے تحت مقامی لوگوں کے مالکانہ اور ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات کی ذمہ دار بی جے پی ہے جس نے اگست 2019ء میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے اسے یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا تھا۔ کشورکمار نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو جو خصوصی درجہ دیا تھا، بی جے پی حکومت نے ان سے یہ حق چھین لیا۔


خبر کا کوڈ: 1172093

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1172093/مقبوضہ-کشمیر-کی-ریاستی-شناخت-بحالی-کیلئے-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com