ریاض، کاظم غریب آبادی کی حسین ابراہیم طہ کیساتھ ملاقات
11 Nov 2024 13:48
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل کیساتھ ملاقات کے دوران، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور اسکے ذیلی اداروں سے غاصب صیہونی رژیم کی بے دخلی، اس سفاک رژیم پر اسلحہ جاتی پابندی اور اقوام متحدہ میں اپارتھائیڈ کمیٹی کے دوبارہ قیام سمیت، او آئی سی کے فوری ایجنڈے میں مزید ٹھوس اقدامات کے اضافے اور انکے فی الفور نفاذ پر تاکید کی ہے
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مشیر قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے گذشتہ روز، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں فلسطین و لبنان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے گفتگو ہوئی۔
ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں کاظم غریب آبادی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل و سیکرٹریٹ کی جانب سے عرب و اسلامی رہنماؤں کی قراردادوں پر عملدرآمد اور ان کی ہنگامی پیروی پر زور دیا اور رکن ممالک کی جانب سے تجویز کردہ بعض اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے؛ جن میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور اس کے ذیلی اداروں سے غاصب صیہونی رژیم کی بے دخلی، اس سفاک رژیم پر اسلحہ جاتی پابندیاں اور مشاورتی ووٹ کی بنیاد پر اپارتھائیڈ کمیٹی کے دوبارہ قیام کی درخواست شامل ہے، تاکید کی کہ مجوزہ اقدامات کو اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے فوری ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے، اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی تعاون تنظیم کے انتہائی موثر و اہم رکن ممالک میں سے ایک ہے، تاکید کی کہ اسلامی تعاون تنظیم کا سیکرٹریٹ تمام منظور شدہ قراردادوں پر فی الفورعملدرآمد میں سنجیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 1171926