QR CodeQR Code

عالمی برادری بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی رہائی کے لئے مداخلت کرے، ڈی ایف پی

11 Nov 2024 11:15

ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں نامساعد موسم، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور اپنے گھروں سے دور بھارتی جیلوں میں نظربند سینکڑوں کشمیریوں کو درپیش سنگین صورتحال کو اجاگر کیا۔


اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے تنظیم کے سربراہ شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کی طویل اور غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی جیلوں میں نظربند تمام کشمیریوں کی رہائی کے لیے عالمی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں نامساعد موسم، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور اپنے گھروں سے دور بھارتی جیلوں میں نظربند سینکڑوں کشمیریوں کو درپیش سنگین صورتحال کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نظربندوں کو پینے کے صاف پانی، صحت بخش خوراک اور مناسب طبی دیکھ بھال جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیا ہے جس سے انہیں صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ارشد اقبال نے کہا کہ بہت سے نظربند بے چینی، ڈپریشن اور ذہنی تنائو سمیت صحت کے مختلف مسائل سے دوچار ہیں جو سورج کی روشنی، مناسب غذائیت اور علاج و معالجے کے فقدان کی وجہ سے سنگین رخ اختیار کر رہے ہیں۔ڈی ایف پی نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کو خاص طور پر تہاڑ جیل میں جہاں نظربندوں کو ان کے اہل خانہ سے ہزاروں کلومیٹر دور رکھا جا رہا ہے، درپیش صورتحال کی تحقیقات کریں۔ ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کے اداروں کو موثر کارروائی کرنی چاہیے اور موقع پر جا کرجائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم و ستم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے خطے میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1171898

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1171898/عالمی-برادری-بھارتی-جیلوں-میں-نظربند-کشمیریوں-کی-رہائی-کے-لئے-مداخلت-کرے-ڈی-ایف-پی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com