QR CodeQR Code

آسٹریا مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان

11 Nov 2024 09:15

کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی سے ملاقات میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آسٹریا مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ آسٹریا کے پاک بھارت دونوں سے یکساں تعلقات ہیں اور آسٹریا کا انسانی حقوق پر بھی ایک بہترین ٹریک ریکارڈ ہے۔ اس لئے آسٹریا اور یورپی یونین کے دیگر ممالک مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور بھارت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ بھارت مظلوم کشمیریوں کو اُن کا بنیادی حق خودارادیت دے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے اور اس سلسلے میں انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی(Andrea Wicke) سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی(Andrea Wicke) کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آسٹریا یورپی یونین اور انٹرنیشنل کمیونٹی کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی (Andrea Wicke)کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1171881

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1171881/آسٹریا-مقبوضہ-کشمیر-میں-جاری-انسانی-حقوق-کی-پامالی-بند-کرانے-کیلئے-اپنا-کردار-ادا-کرے-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com