بی جے پی خصوصی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے قراردار پر بھارتی عوام کو گمراہ کر رہی ہے، کانگریس
11 Nov 2024 08:02
اسلام ٹائمز۔ کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی سے متعلق حال ہی میں علاقے کی اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد پر بھارتی عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کی مقبوضہ جموں و کشمیر شاخ کے نائب صدر رویندر شرمانے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی جذباتی مسائل پر لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، بی جے پی کی اعلیٰ قیادت مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ کے انتخابات کے پیش نظر بھارتیوں کو کانگریس کے حوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسمبلی میں پاس کی گئی قرارداد پر شور مچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد میں خصوصی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا جس کا مطلب ہے ریاست کا مکمل درجہ اور اراضی حقوق، ملازمتوں، قدرتی وسائل اور جموں و کشمیر کی ثقافتی شناخت کے لیے آئینی ضمانتیں لیکن بی جے پی غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔شرما نے مزید کہا کہ خصوصی درجے کی منسوخی کے بعد گزشتہ پانچ سالوں میں ہمیں بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ ہماری زمینیں، ملازمتیں اور وسائل بہت تیزی سے باہر کے لوگوں کے ہاتھوں میں جا رہے ہیں اور ہماری آنے والی نسلیں اس کا خمیازہ بھگتیں گئیں۔
خبر کا کوڈ: 1171856