لبنان کی تازہ ترین صورتحال پر سید عباس عراقچی کو بریفنگ
11 Nov 2024 02:34
اس موقع پر محمد رضا روف شیبانی نے لبنان کے تازہ ترین سیاسی اور زمینی حقائق سمیت حاصل شدہ نتائج ایرانی ڈپلومیٹک سربراہ کے سامنے رکھے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے Special Representative for West Asian Affairs "محمد رضا روف شیبانی" نے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" سے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے سید عباس عراقچی کو لبنان میں اپنی تعیناتی کے دوران کئے گئے اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر محمد رضا روف شیبانی نے لبنان کے تازہ ترین سیاسی اور زمینی حقائق سمیت حاصل شدہ نتائج ایرانی ڈپلومیٹک سربراہ کے سامنے رکھے۔ انہوں نے صیہونی رژیم کے مقابلے میں لبنانی عوام کی استقامت کے نتائج، مغربی ایشیاء میں جنگ کے خطرے اور صیہونی رژیم کی تسلط پسندانہ خواہش سے سید عباس عراقچی کو آگاہ کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے نمائندہ خصوصی کو مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کے خلاف صیہونی جارحیت روکنے کے لئے تمام سیاسی و بین الاقوامی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔ واضح رہے کہ محمد رضا روف شیبانی گزشتہ ماہ 5 اکتوبر کو ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ لبنان کے بعد بیروت میں تعینات تھے۔ ان کی اس تعیناتی کا مقصد اسلامی جمہوریہ ایران اور لبنان کے درمیان ڈپلومیٹک کوریڈورز میں بہتری کے اقدامات کی نگرانی کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ سفارت کاری میں مزید بہتری کے لئے لبنانی حکام سے مشاورت بھی ان کے فرائض میں شامل تھی۔
خبر کا کوڈ: 1171842