عمران خان کو امریکا نے نہیں نکالا، نہ جیل سے نکال سکتا ہے، مفتاح اسماعیل
10 Nov 2024 23:48
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ عمران خان کی جیل سے رہائی امریکا کی مرضی پر انحصار نہیں کرتی، خان صاحب جیل سے نکلے تو وہ کسی اور وجہ پر نکلیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو امریکا نے نہیں نکالا، نہ انہیں جیل سے نکال سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ادب فیسٹیول کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے رہائی امریکا کی مرضی پر انحصار نہیں کرتی، خان صاحب جیل سے نکلے تو وہ کسی اور وجہ پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی پارٹی کا نظریہ دیا ہے، جو ہماری ویب سائٹ پر موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت و تعلیم ہر محکمے میں حکومت کو سنجیدگی اختیار کرنی ہوگی، سیاستدان ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں، عوام کا کوئی نہیں سوچتا، کوئی سیاستدان عوام کیلئے کوئی کام نہیں کرنا چاہتا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسٹیل ملز بند ہو چکی، پی آئی اے کا بھی یہ حال ہوا تو ملک برداشت نہیں کر پائے گا، میرے خیال میں شہباز شریف، ڈار صاحب پی آئی اے کی نجکاری نہیں کریں گے۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 70 سال بعد بھی کراچی میں پانی کی فراہمی غیر منصفانہ طریقے سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ اوپر جا چکی، اس سے کچھ لوگ فائدہ اٹھائیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1171830