حزب اللہ لبنان کا سرحد کے قریب سے اسرائیلی ٹھکانوں کیخلاف بڑا میزائل حملہ
10 Nov 2024 18:35
اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج کیجانب سے لبنانی سرحدی علاقے کو "کلیئر" کر دیئے جانیکے بیان کے بعد لبنانی مزاحمتی تحریک نے عین سرحد کے اوپر سے ہی اسرائیلی فوج کے اہم ٹھکانوں کو بھاری میزائلوں کا نشانہ بنایا ہے
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت (Yediot Aharanot) نے گذشتہ شام خبر دی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے عین سرحدی لائنوں کے اوپر سے مقبوضہ فلسطین کے شمال مغرب میں واقع غیر قانونی صیہونی بستی ایون مناحم کو بھاری میزائلوں کا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے غاصب صیہونی فوج کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ یہ حملہ عین اسی وقت انجام پایا ہے جب امید کی جا رہی تھی کہ اسرائیلی فوج، لبنانی سرزمین میں داخل ہونے کے 40 دن کے بعد؛ اب تمام سرحدوں کو "کلیئر" کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ ہفتے جاری ہونے والے اپنے متعدد بیانات میں مسلسل دعوی کیا تھا کہ اس نے لبنانی سرحدی لائنوں کا مکمل کنٹرول سنبھال کر حزب اللہ لبنان کے تمام انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے اور لبنانی مزاحمتی تحریک اب سرحدی علاقے سے میزائل داغنے کے قابل نہیں رہی۔ صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیلی فوج کی جانب سے، لبنانی سرحدی لائنوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعوی درست ہے تو پھر حزب اللہ کیسے عین سرحدی لائنوں کے اوپر سے غیرقانونی صیہونی بستیوں کی جانب بھاری میزائل فائر کر سکتی ہے؟
اس حوالے سے شائع ہونے والی تصاویر و ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے صیہونی میڈیا نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج سرحدوں کے قریب واقع حزب اللہ لبنان کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے میں کسی طور کامیاب نہیں ہو سکی اور یہی وجہ ہے کہ حزب اللہ اب بھی، سرحدی لائنوں کے اوپر سے حملے کرنے میں، کامیاب ہے!
خبر کا کوڈ: 1171798