عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے، حریت کانفرنس
10 Nov 2024 12:44
ترجمان حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ اگست 2019ء میں دفعہ370 اور 35A کی منسوخی کے بعد سے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور اس کے انتہائی کرپٹ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہایہ سمجھتے ہیں کہ وہ تنازعہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر سکتے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کی جائز جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور کر سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی مظالم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو اس کے باشندوں کے لیے ایک جہنم میں تبدیل کر دیا ہے کیونکہ اگست 2019ء میں دفعہ370 اور 35A کی منسوخی کے بعد سے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
حریت ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ ہموار کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کو قتل اور گرفتار کرنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA)، پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (UAPA) جیسے کالے قوانین نافذ کیے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ انٹروگیشن سینٹرز میں نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں بہت سے لوگوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کیا جاتا ہے اور گمنام قبروں میں دفن کیا جاتا ہے۔
حریت ترجمان نے تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ محمد یاسین ملک تہاڑ جیل میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1171750