کشمیری بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہندوتوا ایجنڈے سے ہوشیار رہیں، حریت کانفرنس
10 Nov 2024 10:27
حریت رہنمائوں کا کہنا ہےکہ کشمیریوں نے اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور کسی کو ذاتی فائدے کے لیے ان قربانیوں کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے سے ہوشیار رہیں اور اسے ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں متنبہ کیا کہ کسی فرد یا گروہ کو بی جے پی، آر ایس ایس یا ان کے کسی بھی حمایتی کے ساتھ تعاون کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے کیونکہ اس طرح کا تعاون کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کیلئے نقصان دہ ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے اجلاس کے دوران کہا کہ کشمیریوں کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون کو ہرگز برداشت نہیں کرنا چاہیے، کشمیریوں نے اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور کسی کو ذاتی فائدے کے لیے ان قربانیوں کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی طور پر منسوخ کرنے کے ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ ہیں اور وہ اب مقبوضہ علاقے میں اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کٹھ پتلیوں کی تلاش میں ہیں۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریوں، محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کی مذمت کی گئی۔بیان میں کہا گیا کشمیریوں کو محض اپنے حق خودارادیت اور بھارتی قبضے سے آزادی کے مطالبے پر ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیری عوام انصاف، آزادی اور اپنے حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں۔
اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، شاہد الاسلام، معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ فاروق احمد ڈار، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، مولوی بشیر احمد عرفانی، بلال صدیقی، ڈاکٹر حمید فیاض، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، عبدالاحد پرہ، امیر حمزہ، محمد یوسف فضلی، حیات احمد بٹ، رفیق احمد گنائی، ظفر اکبر بٹ، فیاض حسین جعفری، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، ایڈووکیٹ نذیر احمد رونگا، ایڈووکیٹ محمد اشرف بٹ، ایڈووکیٹ مظفر قیوم، ایڈووکیٹ زاہد علی، فردوس احمد شاہ، ظہور احمد بٹ، عمر عادل ڈار، سلیم ننہ جی، محمد یاسین بٹ، انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل نظربندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ: 1171739