QR CodeQR Code

علاقائی صورتحال پر سوڈانی و شامی وزرائے خارجہ کی مشاورت

9 Nov 2024 21:53

سوڈانی وزیر خارجہ سے اپنی ایک ملاقات میں بسام صباغ کا کہنا تھا کہ لبنان پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں شامی و لبنانی پناہ گزینوں کی میزبانی کیلئے ہماری حکومت اقدامات کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ "ریاض" میں عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ اجلاس سے قبل عرب وزرائے خارجہ کا ابتدائی اجلاس جاری ہے۔ جس میں شام کے وزیر خارجہ "بسام صباغ" نے اپنے سوڈانی ہم منصب "علی یوسف" سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا۔ نیز فلسطین و لبنان کے خلاف مسلسل صیہونی جارحیت کے خطے اور شام پر اثرات بھی ان رہنماوں کا موضوع گفتگو تھا۔ اس موقع پر بسام صباغ نے کہا کہ شام کے خلاف صیہونی جارحیت کا دوبارہ آغاز گزشتہ سال 7 اکتوبر سے ہوا جو ابھی تک جاری ہے۔ انہوں نے لبنان پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں شامی و لبنانی پناہ گزینوں کی میزبانی کے لئے اپنی حکومت کے اقدامات کی وضاحت کی۔

دوسری جانب سوڈان کے وزیر خارجہ نے شام کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے اپنے ملک کی دلچسپی کا اظہار کیا جو دو برادر ممالک کے درمیان تاریخی روابط کی سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ علی یوسف نے یقین دلایا کہ سوڈان، علاقائی ممالک کے خلاف صیہونی جارحیت روکنے کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر میں سعودی وزیر خارجہ "فیصل بن فرحان" نے اعلان کیا تھا کہ مستقبل قریب میں "ریاض" میں عرب و اسلامی ممالک کا مشترکہ سربراہی اجلاس منعقد ہو گا۔ جس میں غزہ و لبنان کی سنگین صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ اجلاس سعودی عرب کی میزبانی میں ہو گا۔ رواں سوموار کو اس نشست کے انعقاد کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 1171664

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1171664/علاقائی-صورتحال-پر-سوڈانی-شامی-وزرائے-خارجہ-کی-مشاورت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com