حزب اللہ لبنان کے ہاتھوں ایک اور پیشرفتہ اسرائیلی ڈرون تباہ
9 Nov 2024 19:26
لبنانی اسلامی مزاحمت نے اعلان کیا ہے کہ اسنے جنوبی لبنان کی فضائی حدود میں واقع 1 پیشرفتہ اسرائیلی ڈرون طیارے (Elbit Hermes 450) کو زمین سے فضا میں مار کرنیوالے اپنے میزائل سسٹم کے ذریعے مار گرایا ہے
اسلام ٹائمز۔ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے آج دوپہر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مذکورہ اسرائیلی ڈرون ہرمس 450 (Hermes-450) قسم کا تھا جسے جنوبی لبنان کی ہوائی حدود میں مار گرایا گیا ہے۔
اس بیان کے مطابق بغیر پائلٹ پرواز کرنے والا یہ ڈرون دہر سریان کے علاقے میں جا گرا جس کی سرنگونی کے فورا بعد ہی اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ڈرون کے گرنے کے مقام پر بمباری بھی کی۔ لبنانی مزاحمتی محاذ نے نشاندہی کی کہ یہ آپریشن ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بجے کے قریب انجام پایا ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں حزب اللہ لبنان نے تاکید کی کہ وہ لبنانی سرزمین میں غاصب صیہونی دشمن کو کسی قسم کے معاندانہ مشن کی انجام دہی کی اجازت نہ دے گی۔
واضح رہے کہ حزب اللہ لبنان نے گذشتہ ہفتے ہی اعلان کیا تھا کہ لبنان میں غاصب صیہونی افواج کے زمینی حملے بعد سے اس کے مجاہدین نے 5 پیشرفتہ اسرائیلی ڈرون طیارے سرنگوں کئے ہیں جن میں 3 ہرمس-450 اور 2 ہرمس-900 تھے۔
خبر کا کوڈ: 1171647