کانگریس اسمبلی میں قرارداد پر خاموش رہ کر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے، عثمان مجید
9 Nov 2024 18:21
سابق ایم ایل اے بانڈی پورہ نے کہا کہ کشمیری لوگ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے مشکلات کا شکار ہیں، حکومت کو اب مقامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیئے۔
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں سابق ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بی جے پی کے ساتھ تاش کھیل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی قرارداد میں یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے کشمیر کے لوگوں سے کیا وعدہ کیا ہے۔ عثمان مجید نے کہا کہ کانگریس نے اپنا موقف واضح نہیں کیا کہ وہ قرارداد کے حق میں ہیں یا نہیں ہے۔ کانگریس انتخابات کے وقت بھی لوگوں کو بے وقوف بناتی ہے، وہ اسمبلی میں بھی قراردادوں پر خاموش تماشائی بن کر ایسا کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے سربراہ اور صدر نے اتحادی پارٹنر ہونے کے باوجود جب وہ کشمیر کے دورے پر تھے تو اپنا موقف واضح نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اسمبلی میں دوہرا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کو ختم کرنے میں ان کا اہم کردار ہے، اب وہ اسمبلی میں خاموش تماشائی بن گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وادی کشمیر میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں کہا کہ کچھ لوگ وادی کشمیر میں عسکریت پسندی میں اضافہ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو وادی میں بے گناہوں کی ہلاکتوں پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری لوگ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے مشکلات کا شکار ہیں، حکومت کو اب مقامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیئے۔ عمر عبداللہ کے پاس وزارت داخلہ اور پولیس کی کمان نہیں تھی۔ فاروق عبد اللہ یہ کہنے کے بجائے کہ عسکریت پسندی میں اضافہ اور ٹارگٹ کلنگ عمر کی حکومت کو گرانے کی کارروائی ہے، مرکز سے کہیں کہ کنٹرول ان کے ہاتھ میں دے اور وہ حالات پر قابو پالیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1171638