امریکا میں پاکستان سے زیادہ مضبوط اسٹیبلشمنٹ ہے
جس طرح امریکا اپنے مفادات کا تحفظ کریگا، ہم بھی اپنا تحفظ کرینگے، خواجہ آصف
ایک شخص کے لیے کوئی بھی اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا
6 Nov 2024 21:30
امریکی انتخابات پر ایک نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں گفتگو کے دوران وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان مطالبہ کر رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو، ہمیں نہیں لگتا کہ ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کہیں گے، 15 سے 20 دن انتظار کریں کہ اس پر ڈونلڈ ٹرمپ کیا اسٹینڈ لیتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امریکا میں پاکستان سے زیادہ مضبوط اسٹیبلشمنٹ ہے، نہیں لگتا ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کہیں گے۔ امریکی انتخابات پر ایک نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں گفتگو کے دوران خواجہ محمد آصف نے کہا کہ لبنان اور فلسطین میں امریکا کی سربراہی میں جنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم میں وعدہ کیا ہے کہ جنگ رکوائیں گے، اگر جنگ بند کراتے ہیں تو اقوام متحدہ، دیگر پلیٹ فارم سے راستے نکالے جا سکتے ہیں۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جنگیں جاری رہیں، امریکا پشت پناہی کرتا رہا تو اس پر مل جل کر کام نہیں ہوسکتا، جس طرح امریکا اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا، ہم بھی اپنا تحفظ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خود مختار ملک تعلقات کو کاپی پیسٹ نہیں کرسکتا، ایک شخص کے لیے کوئی بھی اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا۔
خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ ادھر بھی اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، وہاں پاکستان سے زیادہ مضبوط اسٹیبلشمنٹ ہے، امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب کیا، ہم قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان مطالبہ کر رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو، ہمیں نہیں لگتا کہ ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کہیں گے، 15 سے 20 دن انتظار کریں کہ اس پر ڈونلڈ ٹرمپ کیا اسٹینڈ لیتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ٹرمپ نے پچھلی بار اپنی ہار پر کیپٹل ہل میں حملہ کیا تھا، حملے پر امریکا میں سیکڑوں لوگوں کو قید کی سزائیں ہوئی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1171173