جنرل عاصم منیر کا دورہ سعودی عرب، محمد بن سلمان سے ملاقات
6 Nov 2024 23:40
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، آرمی چیف نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی مسلح افواج کے چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں خطے میں امن و استحکام اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں ان کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، مزید بتایا کہ آرمی چیف اور سعودی حکام نے دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم بھی کیا۔
واضح رہے کہ 10 اکتوبر 2024 کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی پاکستان کے دورے پر موجود سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں مختلف شعبوں میں برادرانہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ آرمی چیف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت کا شکریہ ادا کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص مختلف شعبوں میں برادرانہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید کہا تھا کہ سعودی تجارتی وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں، آرمی چیف نے سعودی وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے آرمی چیف ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے فورا سعودی عرب گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1171167