کشمیر اسمبلی میں دفعہ 370 کی قرارداد پیش کئے جانے پر بی جے پی کی ہنگامہ آرائی
6 Nov 2024 21:28
نیشنل کانفرنس کے سینیئر رہنما اور نائب اسپیکر سریندر چودھری نے دفعہ 370 کی بحالی کی قرارداد پیش کی جسے اکثریتی ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسمبلی میں دفعہ 370 کی بحالی کے حوالے سے قرارداد کی منظوری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان نے مسلسل ہنگامہ کیا اور نشستوں پر بیٹھنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے بدھ کو اجلاس ایک گھنٹے کے لئے بعد ازاں اگلے روز یعنی جمعرات تک کے لئے ملتوی کر دیا۔ اسمبلی میں تمام 28 بی جے پی ارکان نے ایوان کے وسط میں احتجاج جاری رکھا اور اسپیکر کی بارہا اپیلوں کے باوجود نشستوں پر بیٹھنے سے گریز کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ براہ کرم اپنی نشستوں پر بیٹھیں، ہم ایل جی کے خطاب پر بحث کرنے جا رہے ہیں تاہم بی جے پی ارکان نے احتجاج و ہنگامہ جاری رکھا اور اپنی نشستوں پر نہیں بیٹھے۔ اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے پہلے اعلان کیا کہ اجلاس ایک گھنٹے کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں بی جے پی کی جانب سے مسلسل احتجاج اور ہنگامہ آرائی پر اسپیکر نے آج کی مکمل کارروائی معطل کر دی۔
قبل ازیں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینیئر رہنما اور نائب اسپیکر سریندر چودھری نے دفعہ 370 کی بحالی کی قرارداد پیش کی، جسے اکثریتی ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔ قرارداد کی حمایت دو آزاد ارکان شبیر کلے اور شیخ خورشید، تین پی ڈی پی ارکان وحید الرحمن پرہ، میر فیاض احمد، رفیق احمد اور پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون نے کی، جبکہ کانگریس کے ارکان خاموش رہے۔ بی جے پی کے لیڈروں نے قرارداد کی منظوری پر شدید احتجاج کیا اور نیشنل کانفرنس پر پاکستانی اور ملک دشمن ایجنڈا چلانے کا الزام عائد کیا۔
خبر کا کوڈ: 1171129