QR CodeQR Code

کشمیری عوام نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا، مقررین

6 Nov 2024 12:04

یونیورسٹی آف آزاد کشمیر کے بھمبر کیمپس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا نومبر 1947ء میں مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ فورسز، بھارتی افواج اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے بھمبر کیمپس میں ”تنازعہ جموں و کشمیر، پس منظر اور پیش منظر” کے عنوان سے ایک سمینار منعقد ہوا جس کی صدارت رجسٹرار و ڈین یونیورسٹی ڈاکٹر چوہدی عابد حسین نے کی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز بننا چاہیے اور مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا چاہے۔ مقررین نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا نومبر 1947ء میں مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ فورسز، بھارتی افواج اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ جموں میں ڈھائی لاکھ کے قریب مسلمانوں کو شہید کیا گیا، خواتین کو اغوا کیا گیا اور لاکھوں کشمیریوں کو پاکستان کی طرف ہجرت پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کی آزادی کے لیے جن لوگوں نے قربانیاں پیش کیں یا سیاسی جدوجہد کی وہ ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کرنے کی بھی اجازت نہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا کو بھارت کے ظلم و ستم سے آگاہ کریں اور ان لوگوں کی آواز بنیں جو جان، مال، عزت و آبرو کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا اور ہمیشہ کشمیریوں کی مدد اور حمایت کی ہے۔ سیمینار سے دیگر لوگوں کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان اور ڈاکٹر اعجاز کشمیری نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 1171060

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1171060/کشمیری-عوام-نے-بھارت-کے-غاصبانہ-قبضے-کو-کبھی-تسلیم-نہیں-کیا-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com