بابا گرونانک کا جنم دن، سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے
6 Nov 2024 10:55
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شہر اور گردوارہ کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر جا کر ہدایات دیں۔ ڈی سی آفس کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر اور ڈی پی او ندیم عباس نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔
اسلام ٹائمز۔ سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شہر اور گردوارہ کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر جا کر ہدایات دیں۔ ڈی سی آفس کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر اور ڈی پی او ندیم عباس نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ بابا گرونانک کے 555ویں جنم دن تقریبات کیلئے یاتری 14 تا 16 نومبر تک ننکانہ صاحب میں ہونگے، دنیا بھر سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتری جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور کا کہنا تھا کہ ایسے انتظامات کیے ہیں کہ یاتری واپسی پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائیں۔ سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل نے کہا کہ ننکانہ صاحب کیلئے 20 سال کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، تاکہ دنیا بھر سے آنیوالے یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات ہوں۔ گردوارہ جنم استھان میں اضافی کرنسی ایکسچینج اورپی سی او بوتھ بنانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ یاتری ننکانہ صاحب، فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی سی تسلیم اختر راؤ، ڈی پی او سید ندیم عباس اور سکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ: 1171041