مظفر آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور مسلم سٹوڈنٹس آگنازیشن کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد
6 Nov 2024 07:31
مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی پشتیبانی کریں۔
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ اور مسلم سٹوڈنٹس آگنازیشن کے زیراہتمام آزاد کشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس مظفرآباد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک آزادی کشمیر میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کانفرنس کی صدارت کی جبکہ سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی لطیف اکبر، صدر مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، ڈین کنگ عبداللہ کیمپس ڈاکٹر رفیق خواجہ اور ڈاکٹر ندیم حیدر نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی پشتیبانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نوجوانوں نے تحریک آزادی کو اپنے مقدس لہو سے سیراب کیا اور ہزاروں نوجوانوں نے وطن عزیز کی آزادی کے لئے جام شہادت نوش کیا ہے۔
بھارت نے ہزاروں نوجوانوں اور قائدین کو سالہا سال سے دور دراز کی جیلوں میں پابند سلاسل کر رکھا ہے۔ آزادی پسندوں کی جائیدادیں چھینی جاری ہیں اور ان پر بے بنیاد الزامات لگا کر ملازمتوں سے برطرف کیا جا رہا ہے۔ بھارت علاقے کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے اور اس طرح ایک مسلم اکثریتی ریاست کو ہندو ریاست میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ نوجوانوں پر ملی، دینی اور قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مقررین نے فلسطینیوں پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کو روکنے اور انہیں حق خودارادیت کا موقع فراہم کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ سیمینار میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، سید گلشن احمد، زاہد اشرف، نذیر احمد کرنائی، محمد اشرف ڈار، عبدالحمید لون، عزیر غزالی، مشتاق الاسلام اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ: 1171019