QR CodeQR Code

توشہ خانہ کیس 2، بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

6 Nov 2024 02:39

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل نے کی۔ دوران سماعت وکلاء صفائی نے اہلیہ بانی پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔


اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس 2 میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ دوران سماعت وکلاء صفائی نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ وکلاء صفائی نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر دلائل دیئے جبکہ پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی مخالفت کی گئی۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ بریت کی درخواستیں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش ہیں۔ عدالت فرد جرم عائد کرنے کیلئے 3، 4 تاریخیں دے چکی مگر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جارہی، عدالت توشہ خانہ کیس 2 میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرے۔ وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کے حق میں کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتے ہیں وقت دیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ کیس 2 میں بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 1170994

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170994/توشہ-خانہ-کیس-2-بشری-بی-کی-حاضری-سے-استثنی-درخواست-منظور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com