علامہ راجہ ناصر عباس کیجانب سے ایم ڈبلیو ایم کے پارلیمانی لیڈرز کو سند استقامت پیش
5 Nov 2024 22:10
ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم انجینئر حمید حسین، ممبر پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم اسد عباس اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی، پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم کو اعزازی شیلڈز عنوان سند استقامت سے نوازا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی پولیٹیکل کونسل کا اہم اجلاس پارٹی چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً پاراچنار میں کشیدگی اور محاصرے، گلگت بلتستان میں گرین ٹوریزم کے نام عوامی ملکیتی اراضی پر ناجائز قبضے اور پنجاب میں عزاداران حسینی کے خلاف غیر قانونی ایف آئی آرز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی پولیٹیکل سیکرٹری اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری امور تنظیم سازی علامہ مقصود ڈومکی، ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم انجینئر حمید حسین، ممبر پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم اسد عباس اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی، پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم شریک تھے۔
اجلاس کے دوران سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے موجوہ بحرانی سیاسی صورتحال اور قومی سیاسی جدوجہد میں شدید دباؤ کے باوجود استقامت و بصیرت کا مظاہرہ کرنے پر ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم انجینئر حمید حسین، ممبر پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم اسد عباس اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی، پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم کو اعزازی شیلڈز عنوان سند استقامت سے نوازا۔
خبر کا کوڈ: 1170950