QR CodeQR Code

پاکستان جوڈیشل کمیشن کا اعلامیہ جاری

5 Nov 2024 20:35

عمر ایوب نے ایک رکن کی غیر موجودگی میں کمیشن کے کورم پر اعتراض کیا، انکے اعتراض پر ووٹنگ کے ذریعے اکثریت نے فیصلہ کیا کہ اجلاس آئین کے مطابق ہے، اکثریت نے فیصلہ کیا کہ ایک رکن کی غیر موجودگی میں بھی اجلاس جاری رکھا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان جوڈیشل کمیشن کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم کے بعد نو تشکیل شدہ جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، فاروق ایچ نائیک، شبلی فراز، شیخ آفتاب، عمر ایوب، روشن خورشید بھی شریک ہوئیں، چیف جسٹس نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کی نامزدگی پر مبارک باد دی۔ عمر ایوب نے ایک رکن کی غیر موجودگی میں کمیشن کے کورم پر اعتراض کیا، ان کے اعتراض پر ووٹنگ کے ذریعے اکثریت نے فیصلہ کیا کہ اجلاس آئین کے مطابق ہے، اکثریت نے فیصلہ کیا کہ ایک رکن کی غیر موجودگی میں بھی اجلاس جاری رکھا جا سکتا ہے۔

 اعلامیہ کے مطابق کمیشن نے اپنے کام کو انجام دینے کے لیے ایک مخصوص سیکریٹریٹ کے قیام پر غور کیا، غور و فکر کے بعد چیف جسٹس کو مخصوص سیکریٹریٹ کی قواعد سازی اور قیام کی اجازت دی، کمیشن نے آئینی معاملات/ کیسز پر غور کیلئے آئینی بینچ کے قیام پر بھی غور کیا، چیف جسٹس نے آئینی بینچ پر ججوں کی رائے پیش کی اور بینچ کی مدت کے بارے میں تجاویز دیں، دیگر شرکاء نے بھی موضوع پر اپنی آراء کا اظہار کیا، جس پر مکمل بحث کی گئی۔ جوڈیشل کمیشن کے اعلامیے کے مطابق جسٹس امین الدین خان آئینی بینچ کے سربراہ ہوں گے، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان آئینی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ووٹنگ کے بعد اکثریت (12 میں سے 7) نے آئینی بینچ کے قیام کی منظوری دی، آئینی بینچ میں چاروں صوبوں کی نمائندگی شامل ہے، مدت 2 ماہ مقرر کی گئی ہے، جوڈیشل کمیشن کا ابتدائی اجلاس کمیشن کے افعال کو آگے بڑھانے میں پروسیجرل قدم کی حیثیت رکھتا ہے، جوڈیشل کمیشن نئے فریم ورک کے مطابق عملدرآمد کی طرف پیشرفت کر رہا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیشن چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ارکان کا شکریہ ادا کیا، جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ سیکرٹری جوڈیشل کمیشن جزیلہ اسلم نے جاری کیا۔


خبر کا کوڈ: 1170939

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170939/پاکستان-جوڈیشل-کمیشن-کا-اعلامیہ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com