قدس شریف کو ضرور آزاد کروائیں گے، خالد القدومی
5 Nov 2024 20:39
اسلامی جمہوریہ ایران میں حماس کے نمائندے خالد القدومی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم قدس شریف کو ضرور آزاد کروائیں گے تاکہ اس طرح اسلام کو بھی آزاد کروا سکیں اور فلسطینی عوام کی آزادی کے لیے دشمن کے خلاف مسلح جدوجہد کے علاوہ کوئی راہ حل نہیں ہے۔
اسلام ٹائمز۔ فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے نمائندے خالد القدومی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادانہ زندگی کے لیے فلسطین آزاد کروانا ضروری ہے اور اس کا واحد راہ حل مسلح جدوجہد ہے۔ وہ آج بروز منگل 5 نومبر 2024ء ایران کے دارالحکومت تہران میں شہید سید حسن نصراللہ کی چہلم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایران میں حماس کے نمائندے نے کہا: "راہ حل یہ ہے کہ دشمن کے خلاف مسلح جہاد کریں اور اس میں فتح یاب ہوں اور اس کے علاوہ فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کی آزادانہ زندگی بسر کرنے کا کوئی اور راہ حل نہیں پایا جاتا۔" انہوں نے مزید کہا: "جب ہم اسلامی مزاحمت کی راہ میں شہداء جیسے شہید سید حسن نصراللہ کے حالات زندگی کا جائزہ لیتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ یہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی نسل سے ہیں اور عصر اسلام میں بھی ایسا ہی تھا۔ اسلامی مزاحمت کے شہداء کا راستہ امام خمینی رح کی سربراہی میں انقلاب اسلامی کی کامیابی سے شروع ہوا تھا۔" خالد القدومی نے کہا: یہ شہداء اسلامی مزاحمت کے راستے پر گامزن ہوئے ہیں ہمارے لیے رول ماڈل بن گئے ہیں تاکہ ہم عزت کی زندگی بسر کر سکیں۔ جب ہم قدس شریف کا دفاع کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ پوری امت مسلمہ کا دفاع کر رہے ہیں۔"
ایران میں حماس کے نمائندے نے کہا: "طوفان الاقصی آپریشن نے اس غاصب دشمن کو روکا، ہماری منزل مسجد اقصی ہے اور طوفان الاقصی آپریشن سے خطے میں یہ نئی تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔" خالد القدومی نے مزید کہا: "دشمن ہر گز ہمیں ہتھیار پھینکنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ شہید یحیی السنوار ایک عام انسان نہیں تھے اور حماس کی تشکیل کے آغاز سے ہی وہ ایک عظیم انسان تھے جو اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب رہے، وہ ایک سپاہی تھے، ایک سفارتکار تھے اور انہوں نے دشمن کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔ وہ ہمیشہ یہ پوچھتے تھے کہ ہماری ذمہ داری کیا ہے اور انہوں نے اپنی کوشش اور ایمان کے ذریعے جدوجہد انجام دی اور قرآن کریم اور سنت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے مدد حاصل کی۔" خالد القدومی نے فلسطین میں 50 ہزار فلسطینیوں کی شہادت کو خطے میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا اور کہا: "امریکہ اسرائیل کی مدد کر رہا ہے اور پوری دنیا ان کی مدد کرنے میں مصروف ہے، انسانی حقوق کہاں ہیں؟ جبالیا ایک چھوٹا سا علاقہ ہے لیکن اس وقت اسرائیل اس علاقے پر بھی کنٹرول قائم نہیں کر سکا اور پوری دنیا پاگل ہو گئی ہے کہ وہ کامیاب نہیں ہوئے۔"
اسلامی جمہوریہ ایران میں حماس کے نمائندے نے کہا: "ہمیں اب تک جتنی بھی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں وہ خداوند متعال کے بعد شہداء کے خون کی برکت سے ہیں۔ راہ حل یہ ہے کہ دشمن کے خلاف مسلح جدوجہد انجام دی جائے اور اس میں فتح حاصل کی جائےاور فلسطین کی آزادی کے لیے اس کے علاوہ کوئی راہ حل نہیں ہے۔" خالد القدومی نے غاصب صیہونیوں کے زیر قبضہ 7 ہزار مربع کلومیٹر فلسطینی سرزمین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "ہم اس سرزمین کو صیہونیوں سے واپس لے لیں گے اور فتح یاب ہونے تک جدوجہد کریں گے۔" یاد رہے آج حزب اللہ لبنان کے سابق سیکرٹری جنرل شہید سید حسن نصراللہ کے چہلم کے موقع پر تہران میں امام خمینی رح کے مزار پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ یہ تقریب فارسی، عربی اور انگلش زبانوں میں لائیو طور پر مختلف ٹی وی چینلز سے نشر کی گئی تاکہ لا الہ الا اللہ کا پیغام دنیا والوں تک پہنچ سکے۔ اس تقریب میں امام خمینی رح کے نواسے حجت الاسلام سید حسن خمینی نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ: 1170932