QR CodeQR Code

بی جے پی کی سیاست غصہ اور تقسیم پر مبنی ہے، پرینکا گاندھی

5 Nov 2024 20:55

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے ضروری امدادی رقم فراہم کرنے میں وہ ناکام رہی۔


اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ کے ضمنی انتخاب میں یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کی امیدوار پرینکا گاندھی نے بی جے پی پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جولائی میں وائناڈ میں ہونے والی لینڈ سلائڈنگ کے سانحے کو بھی سیاست کے لئے استعمال کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی پورے ملک میں نفرت اور تقسیم کا ماحول پیدا کر رہی ہے اور اس کی سیاسی شناخت غصے اور تباہی پر مبنی ہے۔ انتخابی مہم کے دوسرے دن کی شروعات کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری نے سلطان باتھری حلقہ اسمبلی کے کینیچیرا میں ایک نکڑ جلسہ کو خطاب کیا۔ وہاں انہوں نے کہا کہ جس آفت سے لوگوں کو کافی تکلیف ہوئی، اس پر بھی بی جے پی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی جگہ پر کھڑے ہیں جہاں آپ کو اپنے ملک، اپنی ضرورتوں اور آپ جس طرح کی سیاسات چاہتے ہیں، اس کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔

پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو درپیش حقیقی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ان کے مسائل اب تک حل نہیں کئے گئے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ بے روزگاری اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے اور قیمتیں لگاتار بڑھ رہی ہیں، جن کے رکنے کا کوئی آثار نظر نہیں آ رہا ہے۔ پرینکا گاندھی مزید کہتی ہیں کہ سیاست ان مسائل کو حل کرنے پر مرکوز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سیاست کا مقصد پوری طرح سے آپ کی توجہ اپنے مسائل سے ہٹانا ہے کیونکہ اس کا واحد مقصد اقتدار میں بنے رہنا ہے، چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے ضروری امدادی رقم فراہم کرنے میں وہ ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ مجھے پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی کا موقع دیتے ہیں تو میں آپ کو دکھاؤں گی کہ آپ کے لئے کسی اور کے مقابلے میں زیادہ محنت کر سکتی ہوں۔


خبر کا کوڈ: 1170901

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170901/بی-جے-پی-کی-سیاست-غصہ-اور-تقسیم-پر-مبنی-ہے-پرینکا-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com