کوئٹہ، واسا ملازمین کا احتجاج جاری، شہر میں پانی کی ترسیل بند
5 Nov 2024 16:46
کوئٹہ کو پانی سپلائی کرنے والے محکمہ واسا کے ایمپلائز یونین اور دیگر ملازمین تنخواہوں میں 25 فیصد ایڈہاک اضافے کیلئے گزشتہ تین روز سے ہڑتال پر ہیں۔ جسکے باعث عوام پریشان ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں محکمہ واسا کے ملازمین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے حق میں ہڑتال جاری ہے۔ جس کے باعث شہر کو پانی کی سپلائی معطل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کو پانی سپلائی کرنے والے محکمہ واسا کے ایمپلائز یونین اور دیگر ملازمین تنخواہوں میں 25 فیصد ایڈہاک اضافے کے لئے گزشتہ تین روز سے ہڑتال پر ہیں۔ ملازمین نے احتجاج کے طور پر شہر میں پانی کی سپلائی بند کی ہے۔ جس کے باعث واسا صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واسا ملازمین کو ہڑتال ختم کرنے کے حوالے سے مراسلہ لکھ دیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت ہڑتال کرنے یا دھرنا دینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے واسا ملازمین کی ہڑتال کے معاملے پر ایم ڈی واسا سے ملاقات بھی کی ہے۔ تاہم تاحال اس مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1170864