اسحاق ڈار کیجانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
5 Nov 2024 16:15
سید عباس عراقچی کیساتھ اپنی ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں مشترکہ طور پر ایک خاندان کی حیثیت سے آپس میں تعاون کرنا چاہئے۔ ہمیں تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وزیر خارجہ و سینیٹر "محمد اسحاق ڈار" نے اپنے ایرانی ہم منصب "سید عباس عراقچی" سے دارالحکومت "اسلام آباد" میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جس میں محمد اسحاق ڈار نے کہا ہم ایک بار پھر ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے صیہونی رژیم کے اس مذموم فعل کو ایران کی سلامتی و خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میرے ایرانی وزیر خارجہ بھائی اور میں، مشرق وسطیٰ میں نہتے شہریوں کے خلاف اسرائیل کے بے لگام غیر قانونی عسکری اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے انہی الفاظ کے ساتھ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے ہاتھوں بین الاقوامی قوانین کی بے پناہ خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب و عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے قیام امن کے لئے ایران کی کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کو ایک خاندان کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے حل ہونا چاہئے۔ ہمیں مشترکہ طور پر ایک خاندان کی حیثیت سے آپس میں تعاون کرنا چاہئے۔ ہمیں تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ: 1170862