علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مظلوموں اور محروموں کی آواز بن چکے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
5 Nov 2024 16:07
ایم ڈبلیو ایم سرگودھا کے ضلعی اجلاس کے موقع پر مرکزی رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے بہادر قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وطن عزیز پاکستان کے مظلوموں اور محروموں کی آواز بن چکے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی اور ماورائے آئین و قانون اقدامات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین تحریک تحفظ آئین کے پلیٹ فارم سے بھرپور انداز میں جدوجہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سرگودھا میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی اجلاس کے موقع پر پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس ضلعی صدر ذوالفقار علی اسدی کی زیر صدارت مدرسہ زینبیہ سرگودھا میں منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی مقصود علی ڈومکی، صوبائی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب مولانا سید ملازم حسین نقوی، صوبائی آفس سیکرٹری مولانا ظہیر الحسن، علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی اور ضلعی کابینہ کے اراکین و تحصیل صدور اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔
اس موقع پر ضلعی صدر نے ایم ڈبلیو ایم ضلع سرگودھا کی تنظیمی فعالیت کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں ایم ڈبلیو ایم کے 50 یونٹس موجود ہیں، جبکہ ضلع کی سات تحصیلوں میں تحصیل کابینہ کام کر رہی ہے۔ فقط ایک تحصیل کی کابینہ نامکمل ہے جو کہ اس وقت تین عہدے داروں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا ضلع محبان اہل بیت کا مرکز ہے اور ہم انشاءاللہ یونٹ سازی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بہادر قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وطن عزیز پاکستان کے مظلوموں اور محروموں کی آواز بن چکے ہیں۔ جس طرح ایوان بالا میں وہ پاکستانی قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ جرات اور استقامت کی اعلیٰ مثال ہے۔ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی اور ماورائے آئین و قانون اقدامات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین تحریک تحفظ آئین کے پلیٹ فارم سے بھرپور انداز میں جدوجہد کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1170859