QR CodeQR Code

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا 6 نومبر 1947ء کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت

5 Nov 2024 10:35

کنوینر غلام محمد صفی نے دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے 6 نومبر 1947ء کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول تک بھارتی قبضے کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خاتمے اور حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام اپنی مزاحمت ہر محاذ پر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم 6 نومبر 1947ء کے عظیم شہدائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہیں اس وقت کے بھارتی حکمرانوں کی شہ پر ڈوگرہ فوج اور ہندو انتہا پسند تنظیموں کے جتھوں نے مل کر قتل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت چار لاکھ مسلمانوں کا قتل عام کیا اور لاکھوں خاندانوں کو ریاست سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا جس کی وجہ سے جموں خطے کی مسلم اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی تھی۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارتی فوج آزادی، حقوق اور انصاف مانگنے کی پاداش میں 1989ء کے بعد اب تک سوا لاکھ کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کیخلاف بھرپور مزاحمت کر رہے ہیں جو تا حصول آزادی جاری رہے گی۔ حریت رہنما نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کا ایک ایسا حل چاہتی ہے جس میں کشمیری عوام کی مرضی و منشا شامل ہو۔ حریت کانفرنس اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جبرواستبداد سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی، محمد قاسم فکتو، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ اور ڈاکٹر حمید فیاض سمیت بھارت کی جیلوں میں نظربند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ دریں اثناء حریت رہنما سید یوسف نسیم نے بھی ایک بیان میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1170786

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170786/کل-جماعتی-حریت-کانفرنس-آزاد-کشمیر-شاخ-کا-6-نومبر-1947ء-کے-شہدائے-جموں-کو-شاندار-خراج-عقیدت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com