QR CodeQR Code

بھارت نے کشمیریوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں، بیرسٹر سلطان

5 Nov 2024 08:18

سابق میئر والتھم سٹو شوکت علی سے تفصیلی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ سے لے کر دیگر فورمز پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ سے لے کر دیگر فورمز پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔کیونکہ برطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت میں اضافہ کر دیا ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے، بزرگوں اور بچوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنا کر بصارت سے محروم کیا جا رہا ہے۔ عورتوں کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں یہ سب وہ مظالم ہیں جو بھارت دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں پر ڈھا رہا ہے۔ لہذا ایسے وقت میں برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے آشکار کریں کیونکہ بھارت کے یہ تمام تر مظالم بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے مغائر اورکشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں سابق میئر والتھم سٹو شوکت علی سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر کونسلر لیاقت علی، کونسلر بیرسٹر عثمان علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو مظلوم کشمیریوں کے لئے دنیا کے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔ کیونکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں آئے روز اضافہ کر دیا ہے۔ کشمیری نوجوانوں کو پہلے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا جاتا ہے اور پھر جعلی مقابلوں کا ڈرامہ رچا کر شہید کر دیا جاتا ہے۔ بھارت کے ان سب انسانیت سوز مظالم پر بین الاقوامی برادری کو ہندوستان پر دباؤ بڑھانا ہو گا اور بھارت کو ان مظالم سے روکنا ہو گا۔ صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہمیں مظلوم فلسطینیوں کے لئے بھی آواز بلند کرنا ہو گی کیونکہ فلسطین میں بھی اسرائیل معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو بمباری کر کے آئے روز شہید کر رہا ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ اس موقع پر سابق میئر والتھم سٹو شوکت علی نے صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانیت کے قتل کو بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 1170778

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170778/بھارت-نے-کشمیریوں-کے-حقوق-سلب-کر-رکھے-ہیں-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com