QR CodeQR Code

غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی پر عالم اسلام متحد ہو جائے، رجب طیب اردگان

5 Nov 2024 00:08

اپنی ایک تقریر میں ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ غزہ و لبنان میں صیہونی رژیم کی جارحیت کا بہترین جواب یہ ہے کہ دنیا کے زیادہ سے زیادہ سے ممالک، فلسطین کو تسلیم کرنا شروع کر دیں۔


اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے صدر "رجب طیب اردگان" نے کہا کہ اس وقت فلسطین و لبنان پر صیہونی جرائم کے خلاف اپنے تمام اختلافات پس پشت ڈال کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار COMCEC کی قائمہ کمیٹی کے 40ویں وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ میں صدی کی سب سے بدترین نسل کشی جاری ہے۔ 13 مہینوں سے صیہونی رژیم اور اس کے حامی، ظلم و نسل کشی کے مرتکب ہو رہے ہیں مگر وہ فلسطینیوں کو زیر کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ رجب طیب اردگان نے مزید کہا کہ غزہ و لبنان میں صیہونی رژیم کی جارحیت کا بہترین جواب یہ ہے کہ دنیا کے زیادہ سے زیادہ سے ممالک، فلسطین کو تسلیم کرنا شروع کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جو ہر ظلم و جبر کے باوجود استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

رجب طیب اردگان نے کہا کہ میں اپنی سرزمین کا دفاع کرنے والے فلسطینیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے مصر کی مدد سے غزہ میں 85 ہزار ٹن سے زائد انسانی امداد بھیجی ہے۔ آخر میں انہوں نے غزہ و لبنان میں اسرائیل کے غیر انسانی کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم کا یہ غیر انسانی سلوک انہیں دوسری جنگ عظیم کی یاد دلاتا ہے جب مرکزی یورپ میں مہاجر کیمپ موت کے مراکز ہوا کرتے تھے۔ واضح رہے کہ ترکیہ نے حال ہی میں 53 ممالک اور اداروں کی مدد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک مشترکہ خط ارسال کیا۔ جس میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی سپلائی بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1170738

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170738/غزہ-میں-اسرائیل-کے-ہاتھوں-فلسطینیوں-کی-نسل-کشی-پر-عالم-اسلام-متحد-ہو-جائے-رجب-طیب-اردگان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com