تہران کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کے سنگین نتائج کے بارے میں ترکیہ کا اسرائیل کو انتباہ
3 Nov 2024 22:56
حریت اخبار کو دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ھاکان فیدان کا کہنا تھا کہ اسرائیل صرف اپنے عسکری اہداف کی خاطر مذاکرات کو وقت کے ضیاع کے طور پر استعمال کر رہا ہے جبکہ فلسطینی مقاومت کا مقصد صیہونی رژیم کے ناقابل برداشت جرائم کا خاتمہ ہے۔
اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" نے ایران کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کے سنگین نتائج پر اسرائیل کو خبردار کر دیا۔ هاکان فیدان نے "حریت" اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیل کو انتباہ جاری کیا کہ امریکی انتخابات کے بعد صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" کے جنگ طلب اقدامات اور ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے ممالک کے درمیان جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے غزہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا اصلی ہدف جبری طور پر غزہ کی پٹی کے عوام کو مصر اور مغربی کنارے کے فلسطینیوں کو اردن دھکیلنا ہے۔ جس سے خطے میں مزید بدامنی پھیلے گی۔ تُرک وزیر خارجہ نے گزشتہ ایک سال کے دوران استقامتی محاذ کے ساتھ مذاکرات میں نتین یاہو کی وعدہ خلافیوں کا ذکر کیا۔
ھاکان فیدان نے حماس اور صیہونی رژیم کے درمیان جنگ بندی کے مزاکرات میں پیشرفت کا ذکر کیا۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل صرف اپنے عسکری اہداف کی خاطر مذاکرات کو وقت کے ضیاع کے طور پر استعمال کر رہا ہے جب کہ فلسطینی مقاومت کا ہدف صیہونی رژیم کے ناقابل برداشت جرائم کا خاتمہ ہے۔ دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران نے اعلان کیا کہ صیہونی رژیم کی کسی بھی حماقت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ نیز گزشتہ شب رہبر معظم انقلاب نے بھی ایران پر حالیہ صیہونی شرارت کے جواب میں محکم جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ قابل غور بات یہ ہے کہ گزشتہ ایک سال سے اسلامی جمہوریہ ایران اور استقامتی مرکز، فلسطینی مزاحمت کی حمایت کے تناظر میں، غزہ و مغربی کنارے میں صیہونی جرائم روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1170562