سردار کھیتران کی گاڑی سے منشیات کی برآمدگی پر ترجمان کا وضاحتی بیان جاری
2 Nov 2024 21:59
اپنے وضاحتی بیان میں ترجمان کھیتران ہاؤس نے کہا کہ سرکاری ڈرائیور سردار کھیتران کی گاڑی پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش کر رہا تھا۔ کسی کو منشیات کی اسمگلنگ کی اجازت نہیں دینگے۔
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کے ترجمان نے صوبائی وزیر کی گاڑی کے ذریعے منشیات کی برآمدی سے لاتعقلی کا اظہار کرتے ہوئے ڈرائیور پر اسمگلنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ ترجمان کھیتران ہاؤس بارکھان کی جانب سے گزشتہ شب کنگری میں سردار عبدالرحمان کھیتران کی گاڑی کے ذریعہ منشیات اسمگلنگ کے واقعہ کے حوالے سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ گاڑی جو کہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے صوبائی وزیر پی ایچ او عبدالرحمان کھیتران کو الاٹ کی ہے، کھیتران ہاؤس کے زیر تعلیم بچوں کو بہاولپور چھوڑنے گئی تھی۔ گاڑی کے ڈرائیور غفور ولد کالو خان جو کہ محکمہ بی اینڈ آر کا ملازم ہے نے واپسی پر گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر کوئٹہ سے اپنے دو ساتھیوں سمیت منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان نے کہا کہ کنگری کے مقام پر لیویز فورس اور پولیس نے غفور اور اس کے دو ساتھیوں کو موقع پر گرفتار کرکے ان کی ناپاک کوشش کو ناکام بنا دیا، یہ کامیاب کارروائی قابل تحسین ہے۔ کھیتران ہاؤس کی جانب سے پولیس اور لیویز اہلکاروں کی جسارت اور فرض شناسی کو سراہا جاتا ہے۔ کھیتران ہاؤس کی سفارش پر ڈرائیور غفور کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے اور اسکے اور اسکے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر اس معاشرے پر بدنما داغ ہیں، جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جانا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کھیتران قبیلہ کے سربراہ و ممتاز سیاسی و قبائلی شخصیت سردار عبدالرحمان کھیتران کی جانب سے ضلع بارکھان کو منشیات سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے سخت اقدامات اور موثر آگاہی مہم بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ کسی کو بھی منشیات کی ترسیل اور علاقے کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1170394