اسلامی جمعیت طلبہ کا کے پی حکومت کے طلبہ یونین کی بحالی کے اعلان پر یوم تشکر
1 Nov 2024 20:24
ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا وسیم حیدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی کا یونین بحالی اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں یونین بحالی اسلامی جمعیت طلبہ اور طلبہ کمیونٹی کے لیے بڑی اچیومنٹ ہے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ علی آمین گنڈاپور کیجانب سے صوبے میں طلبہ یونین کی بحالی اعلان پر صوبہ بھر میں بھرپور طور پر یوم تشکر منایا گیا۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا وسیم حیدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی کا یونین بحالی اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں یونین بحالی اسلامی جمعیت طلبہ اور طلبہ کمیونٹی کے لیے بڑی اچیومنٹ ہے، صوبائی حکومت نے طلبہ کے حوالے سے اہم فصلہ کرلیا ہے۔ گزشتہ چالیس سال قبل فوجی آمر جنرل ضیاء الحق نے طلبہ یونین پر پابندی عائد کی، اس کے بعد نام نہاد جمہوری حکومتوں نے بحالی کے اعلانات کیے لیکن طلبہ یونین کے الیکشن نہیں ہوئے، آج تک طلبہ اپنے بنیادی جمہوری حق سے محروم ہیں۔ طلبہ یونین وہ پلیٹ فارم ہے جو طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور طلبہ کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کرنے میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم طلبہ حقوق کا تحفظ یقینی بناتا ہے اور ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرتا ہے، ہم تمام طلبہ کو اس فیصلے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر طلبہ یونین کے اصول و ضوابط جاری کیے جائیں اور یونین کے انتخاب کے مرحلے کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ حقوق کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کی صوبہ بھر میں کمپین جاری ہے، اس سلسلے میں 20 نومبر کو پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس جبکہ 27 نومبر کو چکدرہ ٹول پلازہ سوات موٹروے پر عظیم الشان حقوق طلبہ جرگہ کا انعقاد کیا جائیگا۔ طلبہ یونین بحالی کے اعلان کے بعد اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام صوبہ بھر کے مختلف کالجز، جامعات میں بھرپور طور پر یوم تشکر منایا گیا، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین اور ناظم ضلع چارسدہ اشفاق شاھین بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ: 1170164